” ایمل اور چمکدار ستارہ”
ایک چھوٹا سا گاؤں تھا ۔جہاں سب لوگ ایک دوسرے کو جانتے تھے۔ ایک دوسرے کا خیال رکھتے تھے۔یہاں ایک لڑکی رہتی تھی جس کا نام ایمل تھا۔ ایمل ایک خاص لڑکی تھی۔ وہ نہ صرف خوبصورت تھی، بلکہ اسے نت نئے تجربات کرنے کا بہت شوق تھا اور اسے چمکدار ستارے بہت لبھاتے تھے ۔ رات کو جب ستارے چمکتے تھے ، وہ کھڑکی سے باہر دیکھتے ہوئے دیر تک چمکدار ستارے گنتی تھی۔ایک دن، ایمل نے سنا کہ گاؤں کے قریب ایک پراسرار چمکدار ستارہ گرا ہے۔
گاؤں والوں نے اس چمکدار ستارےکو بہت ڈھونڈنے کی کوشش کی ، لیکن کوئی بھی اسے ڈھونڈنے میں کامیاب نہ ہوا۔ ایمل نے فیصلہ کیا کہ وہ خود اس چمکدار ستارے کو ڈھونڈے گی ۔ اس نے اپنے چھوٹے سے بستے میں کچھ ضروری چیزیں رکھی: ایک چھوٹا سا ٹارچ, ایک رسی ، ایک خوبصورت کپڑا، اور کچھ کھانے پینے کی چیزیں۔ وہ رات کے وقت سفر پر نکل پڑی۔راستے میں، ایمل نے بہت سی مشکلات کا سامنا کیا۔ اسے گھنے جنگل سے گزرنا پڑا، جہاں چمگادڑیں رہتی تھیں، اور بہت سے جنگلی جانور بھی تھے ۔ایمل نے ہمّت نہیں ہاری اور اپنا سفر ہمّت اور حوصلے سے جاری رکھا اس نے اپنی ہوشیاری اور بہادری سے خطروں کا سامنا کیا۔
چلتے چلتے ایمل کو کافی اونچائی پر کچھ چمکتا ہوا نظر آیا. دراصل وہ ایک پہاڑ تھا . اس کی روشنی اتنی تیز تھی کے روشنی کی طرف دیکھنا بھی مشکل تھا . ایمل نے اپنے بستے سے رسی نکالی اور پہاڑ پر چڑھنے لگی . جب وہ پہاڑ کی چوٹی پر پہنچی، تو اس نے دیکھا کہ پہاڑ کے دوسری طرف جھیل کے کنارے چمکدار ستارہ گرا ہوا ہے۔ جھیل کے کنارے پر چمکدار ستارہ ہیرے کی طرح چمک رہا تھا۔ اور اس کی چمک اتنی تھی کے پہاڑ بھی اس ستارے کی چمک کو نہیں روک پا رہا تھا .
ایمل نے دیکھا کہ ستارہ بہت تھکا ہوا تھا اور اسے واپس آسمان پر پہنچانے کی ضرورت تھی۔ ایمل نے اپنی چیزوں میں سے کپڑے کو لے کر ستارے کو لپیٹ لیا اور چمکدار جھیل کے کنارے پر بیٹھ گئی۔
اچانک، جھیل کے کنارے ایک پرانا اور دانا بونا نمودار ہوا۔ بونے نے کہا، “شکریہ ایمل ! تم نے ہمارے ستارے کی حفاظت کی ہے۔ اب ہم اسے واپس آسمان پر پہنچانے میں مدد کریں گے۔”
بونےنے ایک جادوی چمکدار چھڑی سے ستارے کو ہوا میں اٹھایا اور اسے آسمان پر واپس بھیج دیا۔ ستارہ آسمان میں چمکنے لگا اور اس کے ساتھ ہی پوری دنیا روشن ہو گئی۔
گاؤں والوں نےایمل کو شاباش دی۔ سب لوگ اس کے حوصلے اور بہادری کی تعریف کر رہے تھے۔ ۔اور یوں، ایمل نے ثابت کر دیا کہ بڑے خواب رکھنے والوں کے لیے کوئی بھی چیز ناممکن نہیں ہوتی۔ کہانی ہمیں یہ سکھاتی ہے کہ اگر ہم اپنی محنت اور حوصلے سے کام لیں، تو کوئی بھی خواب پورا کیا جا سکتا ہے